چنئی،5؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) چنئی کے میئر عہدہ کے لیے ڈی ایم کے امیدوار آر. پریا جمعہ کو بلامقابلہ منتخب ہو گئی ہیں۔ 28 سالہ آر پریا نے کامرس میں گریجویشن کیا ہے اور وہ پہلی بار کونسلر بنی ہیں۔ وہ چنئی کارپوریشن کی پہلی دلت میئر ہو گئی ہیں اور یہ کارنامہ انجام دینے والی تیسری خاتون ہیں۔
گریٹر چنئی کارپوریشن کمشنر گگن سنگھ بیدی نے پریا کو عہدہ کا حلف دلایا، جو چنئی کی 49ویں میئر ہیں۔ پریا کو وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، وزیر صحت ایم سبرامنیم، انسانی وسائل اور سی ای وزیر پی کے شیکھر بابو کے علاوہ چنئی کے دیگر اہم افراد نے مبارکباد پیش کی۔
کارپوریشن افسران نے بتایا کہ کونسل کی آئندہ میٹنگ میئر اور کمشنر سے صلاح و مشورہ کے بعد ہوگی۔ شہر کے 15 علاقوں میں شہری ایشوز پر بحث اور قرارداد پاس کرنے کے لیے ہر مہینے کونسل کی میٹنگیں منعقد کی جائیں گی۔